ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : کانگریسی ایم ایل اےستیش سائل کے ساتھ بغل گیر ہوئے اننت کمار ہیگڑے - گرم ہوا افواہوں کا بازار

کاروار : کانگریسی ایم ایل اےستیش سائل کے ساتھ بغل گیر ہوئے اننت کمار ہیگڑے - گرم ہوا افواہوں کا بازار

Sat, 24 Jun 2023 14:01:57    S.O. News Service

کاروار ،24 / جون (ایس او نیوز) ضلع پنچایت ہال میں محکمہ جاتی افسران کے ساتھ "دیشا" پروگرام کے لئے آئے ہوئے بی جے پی رکن پارلیمان اننت کمار ہیگڑے نے کاروار-انکولہ حلقہ کے کانگریسی رکن اسمبلی ستیش سائل کے ساتھ جس والہانہ انداز میں بغل گیری کی اس سے سوشیل میڈیا پر افواہوں کا بازار گرم ہوگیا ۔ 
    
اننت کمار ہیگڑے کی کانگریسی رکن اسمبلی سے اس طرح بے تکلف ملاقات سے بی جے پی کے کیمپ میں بے اطمینانی دیکھی جا رہی ہے ۔ خاص کرکے ستیش کے ہاتھوں بہت ہی کم ووٹوں سے شکست کھانے والے سابق رکن اسمبلی روپالی نائک کے حامیوں کی بھنویں تن گئی ہیں ۔ کیونکہ اننت کمار ہیگڑے نے اسمبلی الیکشن کے دوران ضلع کا دورہ نہیں کیا تھا ۔ یہاں تک کہ انکولہ میں وزیر اعظم کی آمد کے موقع پر بھی وہ غیر حاضر تھے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنی پارٹی کے کسی بھی امیدوار کے حق میں تشہیری مہم میں حصہ نہیں لیا تھا ۔ 
    
جانکاروں کا کہنا ہے کہ ضلع میں امیدواروں کو ٹکٹ دینے کے سلسلے میں ہائی کمان نے اننت کمار کی سفارشات اور ان کے پسندیدہ امیدواروں کو نظر انداز کیا تھا ۔ اسی وجہ سے انہوں نے اسمبلی انتخاب میں اپنے آپ کو کسی بھی انتخابی سرگرمی سے دور اور الگ رکھا تھا ۔ 
    
اب جبکہ ضلع پنچایت ، تعلقہ پنچایت اور پارلیمانی انتخابات قریب ہیں ، ایسے میں اننت کمار ہیگڑے کا کانگریسی رکن اسمبلی کے ساتھ قربت بڑھانا اور بغل گیر ہونا بی جے پی کے  کٹر کارکنان کو ہضم نہیں ہو رہا ہے ۔
    
اسی پس منظر میں کچھ لوگ یہ کہتے ہوئے بھی پائے گئے کہ چونکہ اننت کمار ہیگڑے نے آئندہ پارلیمانی انتخاب میں پھر سے اترنے کا من بنا لیا ہوگا اس لئے کاروار میں اپنے لئے سازگار ماحول بنانے کے لئے انہوں نے کانگریسی حلقے سے بھی توقعات وابستہ کی ہونگی اور ستیش کو گلے لگا کر بے تکلفانہ انداز دکھایا ہوگا ۔ 
    
دوسری طرف کچھ لوگ اسے اننت کمار کی طرف سے ستیش کو بی جے پی کی طرف کھینچنے کی کوشش کے طور پر بھی دیکھ رہے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ آئندہ پارلیمانی انتخابات کے موقع پر ستیش سائل اگر بی جے پی میں شامل ہوجائیں تو بھی حیرانی کی بات نہیں ہوگی ۔ 
    
خیال رہے کہ ستیش سائل کے تعلق سے اس طرح کی افواہیں اسمبلی الیکشن سے پہلے بھی اٹھی تھی مگر ستیش نے اُس وقت بھی کہا تھا کہ بی جے پی میں شامل ہونے کا ان کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔


Share: